05 مئی ، 2024
سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو فوجی عدالتوں کے 20 افراد کے مقدمات کے فیصلے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیس میں 24 اپریل کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے رہا ہونے والے 20 افراد کی فہرست جمع کروائی ، وکلا نے عدالت سے اٹارنی جنرل کو 20 افراد کے فیصلے طلب کرنے کی استدعا کی، اٹارنی جنرل 20 افراد کے مقدمات کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں جمع کروائیں۔
حکم نامے کے مطابق وکیل درخواست گزار نے بینچ پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے گزشتہ سماعت کے حکمناے کا حوالہ دیا، سلمان اکرم راجہ اور اعتزاز احسن نے بھی لارجر بینچ تشکیل دینے پر دلائل دیے ۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ معزز وکلا سے استفسار کیا گیا کہ کیا وہ لارجر بینچ پر فیصلہ چاہتے ہیں ؟ وکلا نے گزارشات کمیٹی کے سامنے رکھنے کا مؤقف اپنایا، وکلا کی استدعا مناسب سمجھتے ہوئے معاملہ کمیٹی کے سامنے رکھنا مناسب سمجھتے ہیں۔
سپریم کورٹ کے تحریری حکمنامے کے مطابق لارجر بینچ کے معاملے پر وکلا کی گزار شات کا کمیٹی فیصلہ کرے گی، جسٹس حسن اظہر رضوی نے معاملہ شہریوں کی آزادی کا قرار دیا، جسٹس حسن اظہر رضوی نے جلد دوبارہ سماعت کےلیے مقرر کرنے کی آبزرویشن دی۔