13 اپریل ، 2020
وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی اور داخلی صورتحال پر مشاورت کی گئی جبکہ کورونا سے ملک میں پیداہونے والی صورتحال اور اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن کے دوران ملک میں تعینات فوج اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا جبکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
ذرائع کے مطابق کوروناسے نمٹنے کے لیے امداد اور ریلیف کی وفاق سمیت چاروں صوبوں، گلگت اور آزادکشمیر میں تقسیم پربھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم کو بھارت کی جانب لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جاری جارحیت پر بریفنگ دی گئی جبکہ ایل اوسی پر بلا اشتعال فائرنگ، شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور پاک فوج کی جوابی کارروائی سےآگاہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاک فوج تعینات ہے جبکہ مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے۔