29 اگست ، 2012
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے ملک ریاض حسین کے خلاف توہین عدالت کیس میں اٹارنی جنرل سے استغاثہ کے گواہوں اور شواہد کی فہرست طلب کر تے ہوئے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے ملک ریاض کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اعجاز چوہدری پر مشتمل 2رکنی بینچ نے عدلیہ مخالف نیوز کانفرنس پر ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کے مقدمہ کی سماعت کی۔ درخواست گزار وکیل اشرف گجر ایڈووکیٹ نے عدالت کی توجہ دلائی کہ توہین عدالت کا ملزم کمرہ عدالت میں موجود نہیں۔ وکیل صفائی ڈاکٹر عبدالباسط نے ملک ریاض کی علالت کا سرٹی فکیٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ بیان ریکارڈ کرانے اور مقدمے کے فیصلے کے دن حاضر ہو جائیں گے، جس پر عدالت نے ایک دن کیلئے استثنیٰ منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔ ڈاکٹر عبدالباسط نے اعتراض کیا کہ درخواست گزاروں کی حیثیت اس کیس میں شکایت کنندہ کی تھی ، ٹرائل شروع ہونے کے بعد ان کا کردار ختم ہو گیا ہے۔ عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار وکلاء کو بھی شواہد اور گواہ پیش کرنے کی اجازت دے دی۔