پاکستان
Time 28 اپریل ، 2020

ملک میں کورونا سے مزید 28 اموات، ہلاکتیں 327 اور مجموعی کیسز 14787 ہوگئے

ملک میں کورونا وائرس سے  مزید 28 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 327  ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14787 تک جا پہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 92 اور پنجاب میں 100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 157،223
صحتیاب مریض: 
3،233 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز منگل ملک بھر سے کورونا کے مزید 730 کیسز سامنے آئے اور 28 ہلاکتیں بھی ہوئیں جن میں سے پنجاب میں 187 کیسز 9 ہلاکتیں، سندھ 335 کیسز 7 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 176 کیسز 10 ہلاکتیں،  اسلام آباد 16 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان ایک ہلاکت، گلگت بلتستان میں 10 کیسز  اور آزاد کشمیر سے 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔

26 فروری کو پاکستان میں پہلا کیس سامنے آنے کےبعد سے کورونا سے ایک دن میں 28 ہلاکتیں پہلی بار رپورٹ ہوئی ہیں۔

سندھ

صوبے میں آج کورونا کے مزید 335 کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5291 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 92 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 38 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 187 کیسز سامنے آئے ہیں اور 9 افراد کورونا سے انتقال کرگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5827 اور ہلاکتیں 100 ہوگئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 768 زائرین، 1925 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 2951 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 1380  افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 261 اور ہلاکتیں 4 ہوگئی ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا سے مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کےمطابق صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستان میں پیر کو کورونا کے مزید 72 مریض سامنے آئے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 853 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج بروز منگل کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا وائرس کے 176 نئے کیسز اور 6 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2160 اور ہلاکتیں 114 ہوگئیں۔

صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 7، مردان میں دو اور ایبٹ آباد میں ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا۔ 

خیبرپختونخوا میں اب تک 562 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 330 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق مزید 2 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 224 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

کیا کورونا وائرس فالج کا باعث بھی بن رہا ہے؟

ماہرین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ وائرس عمر رسیدہ افراد کے لیے زیادہ خطرناک اور جان لیوا ثابت ہوا ہے کیوں کہ ان کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے لیکن اب حال ہی میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے متاثر درمیانی عمر کے لوگوں میں فالج کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا وائرس فرش پر کتنی دیر رہ سکتا ہے؟

عالمگیر وبا کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ نے لوگوں کو تشویش اور خوف میں مبتلا کردیا ہے کیونکہ یہ وائرس چھونے سے باآسانی پھیل سکتا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

پاکستان، بھارت جیسے ملکوں میں کورونا کے کم کیسز آنا غیر یقینی، بل گیٹس

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان، بھارت اور اس جیسے دوسرے ملکوں میں کورونا کے کم کیسز سامنے آنا غیر یقینی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں کم کیسز کی وجہ ٹیسٹ کی محدود صلاحیت اور لوگوں کا ٹیسٹ سے گریز ہوسکتی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

بیرون ملک سے آنیوالے پاکستانیوں کو صرف 2 دن قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو صرف 2 دن قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا جب کہ  پنجاب حکومت نے بیرون ملک سے آنے والوں کو 7 روز کیلئے قرنطینہ میں رکھا تھا۔ مزید پڑھیں۔۔

ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع 

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

رمضان سے مسافر ٹرینوں کی بحالی ایک بار پھر مؤخر

ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 15 مئی تک توسیع

سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع 30 اپریل سے بڑھا کر 15 مئی تک کر دی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم بھی جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔ 

مزید خبریں :