بھارتی فوج کی ایک بار پھر ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری

بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر حاجی پیر اور سنکھ سیکٹرز پر فائرنگ اور گولہ باری کی۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے خوکار ہتھیاروں، راکٹس، بھاری مارٹرز اور آرٹلری کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج گزشتہ رات سے دانستہ طور پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خواجہ بانڈی گاؤں کی خاتون شدید زخمی ہوئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق زخمی ہونے والی خاتون کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوجی چوکیوں اور سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کا لانس نائیک اور دو خواتین شہید ہو گئی تھیں۔

پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا اور بھارت کی فوجی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کا بھاری جانی مالی نقصان ہوا۔

مزید خبریں :