پاکستان
Time 30 اپریل ، 2020

بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان اور دو خواتین شہید

بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا لانس نائیک شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پرکیلر اور رکھ چکری سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کیلر سیکٹر میں پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی، بھارتی فوج نے خودکار اور بھاری ہتھیاروں سے پاک فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا جب کہ بھارتی فوج سے فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک علی باز شہید ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 34 سالہ لانس نائیک علی باز کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع کرک سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج نے رکھ چکری سیکٹر پر جان بوجھ کر سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 16 سال کی لڑکی اور 52 سال کی خاتون شہید ہوئیں جب کہ 10 سال کا بچہ اور 55 سال کی خاتون زخمی بھی ہوئیں۔

مزید خبریں :