22 نومبر ، 2024
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے خوارج سمیت 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتالگایا اور کارروائی کی، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جبکہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کےخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ میں آپریشن کر کے ایک، ضلع آواران میں آپریشن کرکے دو اور ضلع ڈیرہ بگٹی میں آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک کو ہلاک کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی متعددکارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔