31 اگست ، 2012
تل ابیب … اسرائیلی شاط پارٹی کے ابی اوادیا یوسف نے ایک بار پھر اسرائیل کی طرف سے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی مخالفت کی ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرنے کیلئے مذہبی رہنما اوادیا یوسف سمیت دیگر رہنماؤں کی حمایت کے حصول کیلئے اپنے خصوصی نمائندے ناکوو امیدور کو انکے پاس بھجوایا تاہم مذہبی رہنماء نے ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کے خطے کیلئے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ اس سے قبل حالیہ دنوں میں اسرائیلی دارالحکومت میں جنگ مخالف مظاہروں کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جبکہ فوجی کارروائی سے متعلق کئے جانے والے ریفرنڈم میں تقریباً 61 فیصد اسرائیلیوں نے ایران کے خلاف کارروائی کی مخالفت کی ہے اور صرف 27 فیصد نے حمایت کی ہے۔ جنگ مخالفین کے مطابق یہ جنگ صرف ایران تک نہیں رہے گی بلکہ پورے مشرق وسطی کے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔