31 اگست ، 2012
واشنگٹن … ریپبلکن صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے عوام سے کہا ہے کہ امریکی معیشت کی تعمیر نو اور ملازمتوں کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے ان کی مدد کریں تاکہ صدر اوباما کی پیدا کردہ مایوس کن صورت حال پر قابو پایا جا سکے۔ جمعہ کوریپبلکن کانگریس کی جانب سے باقاعدہ طور پر صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے بعد اپنے خطاب میں مٹ رومنی نے کہا کہ وہ امریکی وعدے کا احیا ء کریں گے۔ اس سے قبل انہیں ریپبلکن جماعت کی جانب سے رسمی طور پر صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی درخواست کی گئی، جو انہوں نے قبول کی۔رومنی نے کہا کہ وہ رائے کے اعتبار سے منقسم ملک کو دوبارہ مجتمع کریں گے۔ ہمارے ملک کی موجودہ ضرورت کوئی پیچیدہ یا مشکل نہیں۔ اس کے لیے ہمیں کوئی خصوصی حکومتی کمیشن درکار نہیں جو یہ بتا سکے کہ امریکا کو کیا درکار ہے۔ امریکا کو ملازمتوں کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل ٹیمپا میں مٹ رومنی کے رشتہ داروں اور دوستوں نے رومنی کی مختلف تصاویر بنائیں۔ ان کا مقصد مٹ رومنی کے اس امیج کو زائل کرنا تھا، جس میں کہا جاتا ہے کہ رومنی سردمہر انسان ہیں۔ مٹ رومنی کی اس تقریر کو کروڑوں افراد نے ٹی وی اسکرینز پر دیکھا۔