بیرون ملک سے آنیوالوں کو فوری ہوٹل منتقل کرکے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو فوری طور پر ہوٹل یا قرنطینہ سینٹر منتقل کرکئ ان کا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے کہا کہ صوبوں کی مشاورت کے بعد آج نئی پالیسی سامنے لائی جارہی ہے، اب جب مسافر آئیں گے تو فوری طور پر قرنطینہ یا ہوٹل میں ٹیسٹ کیا جائے گا، صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ مسافروں کا 24 گھنٹے میں جلد از جلد ٹیسٹ ہو اور نتیجہ آئے۔

انہوں نےکہا کہ نئی پالیسی میں تمام مسافر بالکل تحفظ کے ساتھ اپنے گھر پہنچیں گے، مسافروں کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر وہ گھر جائیں گے اور ٹیسٹ مثبت آنے پر بھی اگر علامات زیادہ نہ ہوں تو گھر میں قرنطینہ کیا جاسکتا ہے۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ دس ہزار کے قریب پاکستانی وطن واپس آنے کے خواہش مند ہیں، ہماری کوشش ہے عید سے پہلے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو واپس لایا جائے، کوشش ہے کہ ہرہفتے 10 یا11 ہزار پاکستانی واپس وطن پہنچا سکیں، اس ہفتے، برطانیہ ، کینیڈا اور امریکا سے بھی پروازیں ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک سے آنے والوں کا وہاں بھی کورونا ٹیسٹ ہوگا، جہازوں میں مسافروں کے درمیان فاصلے پر بھی عمل کیا جائیگا لہٰذا مسافر احتیاط کریں، کورونا ٹیسٹ اور قرنطینہ میں تعاون کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کورونا کیسز کی تعداد بڑھی تو پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :