31 اگست ، 2012
سوات … صومالیہ کے بحری قزاقوں کی قید میں سوات کے 2 افراد کے اہلخانہ نے حکومت سے ان کی رہائی کیلئے مدد کی اپیل کردی۔ تحصیل کبل کے علاقے کوزہ بانڈئی کے رہائشی گل باچا اور دیولئی کے رہائشی گل باچا بحری جہاز ایم وی آئس برگ ون کے عملے میں شامل تھے۔ اس جہاز کو 27 مارچ 2010ء کو صومایہ کے بحری قزاقوں نے اغوا کیا۔ مغوی افراد کے اہل خانہ کے مطابق جہاز میں 24 افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا جن میں سے صرف 2 پاکستانی ہیں، دونوں افراد موت کی وادی میں چلے گئے ہیں۔ مغوی افراد کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کے پیاروں پر صومالیہ کے قزاق بہت ظلم کررہے ہیں اور بھاری تاوان کا مطالبہ کررہے ہیں۔ان کاکہناتھا کہ ان کے پیاروں کے اغواکے بعد ان کی معاشی حالت بہتر ابتر ہوئی ہے اور وہ فاقوں کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کی رہائی کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔