14 مئی ، 2020
جناح اسپتال کراچی میں مبینہ طور پر کورونا وائرس کا مریض انتقال کرگیا جس کے بعد لواحقین کی جانب سے کورونا وارڈ میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کے کورونا وارڈ نمبر 23 میں کورونا کے مریض کے انتقال کے بعد لاش لواحقین کے حوالے نہ کرنے پر ہنگامہ آرائی ہوئی۔
جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ 20 سے زائد افراد نے وارڈ میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور عملے پر تشدد کیا۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ہنگامہ آرائی پر پولیس اور رینجرز کو طلب کیا گیا جس نے 10 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ سندھ بھر میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 243 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں متاثرہ افراد میں سے 10 ہزار 830 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے اور ان میں سے 211 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔