01 ستمبر ، 2012
پشاور… پشاور کے نواحی متنی بازار میں ہونے والے دھماکے میں شمالی وزیرستان کے پولیٹیکل تحصیلدار ہاشم گل ،ان کا بیٹا، بھائی اور چچا زاد بھائی جاں بحق ہو گئے۔پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے کا ٹارگٹ پولیٹیکل تحصیلدار تھے۔ واقعے کی ایف آئی آرتھانہ متنی میں درج کر لی گئی ہے۔ایس پی رورل پشاور خورشید خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ نواحی علاقے متنی کے بازار میں ہونے والا دھماکہ شمالی وزیرستان کی تحصیل دوسلی کے پولیٹیکل تحصیلدار ہاشم گل کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں ہاشم گل، ان کا بیٹا سجیل، بھائی ظاہر شاہ اور چچازاد بھائی عجب گل جاں بحق ہو گئے۔ تاہم دھماکے کے تقریبا پانچ گھنٹے بعد اس کی تصدیق ہو سکی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پولیٹیکل تحصیلدار ہاشم گل متنی کے علاقے ادیزئی کے رہائشی تھے۔ جو چھٹیاں گزارنے گھر آئے تھے اور گاڑی ٹھیک کرانے کے لیے متنی بازار نکلے تھے۔ایس پی رورل خورشید خان نے مزید بتایا کہ متنی بازار دھماکے کی ایف آئی آر انسداد دہشت گردی کی مختلف دفعات کے تحت نا معلوم افراد کے خلاف تھانہ متنی میں درج کر لی گئی ہے۔