سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، کراچی میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال نہیں: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغربی سمندری ہوائیں چلنے کے باعث ہیٹ ویو جیسی صورت حال نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے معتدل ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا تھا لیکن اب ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج ہیٹ ویو جیسی صورتحال نہیں ہے۔

ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغربی سمندری ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے گرمی کی شدت کم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کل سے شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آ سکتا ہے، ہیٹ ویو21 یا 22 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ ہیٹ ویو دو روز تک جاری رہے گی، سمندری ہوائیں بند ہو جائیں گی اور درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے اور اس کی شدت زیادہ ہو گی۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دو پہر میں باہر نکلنے سے اجتناب کریں اور گھر سے نکلتے ہوئے سر کو ضرور ڈھانپیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ افطار اور سحر میں پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔

مزید خبریں :