بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف جعلی آپریشن کاموقع ڈھونڈ رہا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی سےتوجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف جعلی آپریشن کا موقع تلاش کررہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر میں مودی کا   آر ایس ایس سے متاثرہ نظریہ بالکل واضح ہے، پہلے غیر قانونی الحاق سے کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کرنا پھر ان سے انتہائی غیر انسانی سلوک  اور طاقت کے بہیمانہ استعمال سے انہیں دبانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے، کشمیری خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضروری اشیاء سے محروم ہیں جب کہ بھارتی افواج کشمیری بچوں اور خواتین کے خلاف پیلٹ گنز استعمال کررہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں خصوصاً نوجوانوں کی بڑی پیمانے پر گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کررہا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے اور دنیا سے تمام مواصلاتی رابطے ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کو تنہا کرنا چاہتا ہے۔

مزید خبریں :