09 فروری ، 2012
واشنگٹن .. . . .. .امریکا نے آزاد بلوچستان کے مطالبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فریق پاکستان کے اندر رہتے ہوئے اپنے اختلافات پرامن طریقے سے دور کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بلوچستان کے معاملے پر امریکا کا موقف تبدیل نہیں ہوا۔ خارجہ امور سے متعلق مختلف معاملات کانگریس کی کمیٹیوں میں زیر بحث آتے رہتے ہیں لیکن یہ تاثر نہیں لیا جانا چاہئے کہ جن خیالات کا اظہار ان اجلاسوں میں کیا گیا ان سے امریکی حکومت بھی متفق ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معاملے پر آج خارجہ امور کمیٹی کا جو اجلاس ہوا وہ اْس سے آگاہ ہیں لیکن محکمہ خارجہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں اور نہ اس میں محکمہ خارجہ کی طرف سے کسی نے شرکت کی۔ ترجمان نے آزاد بلوچستان کے مطالبے سے متعلق سوال پر کہا کہ بلوچستان کے معاملے پر امریکا کا موقف پرانا ہے۔ امریکا بلوچستان میں تمام فریقوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ پاکستان کے اندر رہتے ہوئے کارآمد سیاسی عمل کے ذریعے پرامن طور پر اپنے اختلافات دور کرنے کے لئے کام کریں۔