24 مئی ، 2020
کراچی: تحقیقاتی ٹیم نے حادثے کے مقام کا دورہ کرکے فرانزک کے لے نمونے اکٹھا کرلیے۔
کراچی میں طیارہ حادثے کے تیسرے روز عید الفطر کے دن سول ایوی ایشن کی اسلام آباد سے آنے والی تحقیقاتی ٹیم جائے وقوعہ کا دورہ کرنے پہنچی۔
اس دوران تحقیقاتی ٹیم نے فرانزک کے لیے جائے حادثہ سے نمونے اکٹھے کیے اور طیارے کے مختلف ٹکڑے بھی الگ کیے۔
فرانزک ٹیم کی جانب سے نمونے اکٹھا کرنے کے بعد جائے حادثہ سے جہاز، گھروں اور گاڑیوں کے ملبے کو مرحلے وار ہٹا یا جارہا ہے جب کہ ساتھ ساتھ تحقیقاتی کام اور شواہد کو بھی محفوظ کیا جارہا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے حادثہ کو مکمل طور پر سیل کررکھا ہے۔
دوسری جانب رینجرز حکام نے حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے ملبے سے ملنے والا قیمتی سامان پی آئی اے کے حوالے کردیا جس میں میں 3کرو ڑ24 ہزار 300 روپے جلی ہوئی پاکستانی کرنسی جب کہ نقدی رقم 16 لاکھ 67 ہزار 692 روپے پاکستانی کرنسی، 70 پاؤنڈز اور 625 ڈالرز غیر ملکی کرنسی شامل ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پروازپی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ صرف دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔