Time 30 مئی ، 2020
پاکستان

پولیس کا شہری پر مبینہ تشدد، زبان بھی کاٹ ڈالی

لاہور میں سی آئی اے پولیس نے ایک شہری کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں اس کی زبان بھی کاٹ ڈالی۔

جیو نیوز کے مطابق شہری آصف کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ سی آئی اے پولیس افسران نے آصف کو وسن پورہ سے اغواء کیا اور تشدد کے بعد ہربنس پورہ میں سڑک پر پھینک دیا۔

ورثا کا کہنا ہے کہ آصف کے پورے جسم پر تشدد کے نشانات اور ٹانگ پر گہرا زخم ہے، اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

متاثرہ شہری کے ساتھی فرحان سلیمان کے مطابق آصف نے ڈی ایس پی دانش رانجھا، انسپکٹر طارق سجوار، سب انسپکٹرز غلام باری اور مظہر اقبال کے خلاف 3 لاکھ 85 ہزار رشوت کا مقدمہ اینٹی کرپشن میں درج کرا رکھا تھا۔

فرحان سلیمان کا کہنا ہے کہ پولیس افسران نے اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسا کر رشوت لی تھی، ایک لاکھ 13 ہزار روپے واپس کیے اور بقیہ رقم کا مطالبہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

جیو نیوز نے معاملے کی فوٹیج حاصل کر لی ہے جب کہ پولیس نے واقعے سے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب انسپکٹر طارق سجوار کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی کو اغوء کیا نہ تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، ہاں اتنا معلوم ہے کہ آصف اور اس کا بھائی منشیات فروش ہیں۔

مزید خبریں :