30 مئی ، 2020
سول اسپتال کراچی میں ینگ ڈاکٹرز نے اپنے تحفظ کے لیے عارضی طور پر کام چھوڑ کر احتجاج کیا اور اسپتال کی سیکیورٹی مزید بڑھانے کا مطالبہ کیا۔
ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی میں ینگ ڈاکٹرز نے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس (او پی ڈیز) میں عارضی طور پر کام بند کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ینگ ڈاکٹرز کے مطابق گزشتہ رات انتقال کرجانے والے مریض کی لاش لواحقین اپنے ساتھ لے گئے تھے جب کہ مشتعل افراد کی جانب سے سول اسپتال کے مرکزی دروازے پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی تھی۔
ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے دوران سیکڑوں افراد اسپتال میں گھس کر ڈاکٹرز کو دھمکاتے رہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو فرائض کی انجام دہی مشکل ہوجائے گی اس لیے حکومت اسپتال کی سیکیورٹی میں اضافہ کرے۔