02 ستمبر ، 2012
اسلام آباد… پولیس نے رمشا کیس میں مبینہ طور پر شواہد تبدیل کرنیو الے امام مسجد خالد جدون کو گرفتار کر لیا ہے۔ کم عمر مسیحی لڑکی رمشا پر مقدس اوراق جلانے کا الزام ہے تاہم آج ایک عینی شاہد کے اس انکشاف پر کہ امام مسجد نے بعض جلائے گئے اوراق میں قرآنی اوراق جان بوجھ کر شامل کئے ، کیس کو ایک نیا رخ مل گیا اور تازہ ترین اطلاع کے مطابق اس معاملے میں ملوث امام مسجد خالد جدون، جو کیس درج کرانے کے بعد پراسرار طور پر لا پتہ ہو گیا تھا، کو اب گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناء چیئرمین آل پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے ملک بھر کے علماء سے اس معاملے میں ملوث امام مسجد خالد جدون کو سزا دلانے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ انہوں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی مطالبہ کیا کہ رمشا مسیح کی فوری رہائی کے ساتھ اسکی حفاظت کے بھی احکامات جاری کئے جائیں۔