Time 16 جون ، 2020
پاکستان

ن لیگ کا لاہور کے شہریوں سے متعلق بیان پریاسمین راشد سے معافی کا مطالبہ

حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) نے لاہور کے شہریوں سے متعلق وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر صحت پنجاب نے گزشتہ روز جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں شہریوں کو احتیاط نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مسلم لیگ (ن) نے لاہور کے شہریوں سے متعلق وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

 ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد یاد رکھیں آپ لاہور میں رہتی ہیں، آپ کا لاہور میں نکلنا مشکل ہوجائے گا۔

یاسمین راشد کے بیان پر لیگی رہنما خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ انتہائی دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ اپنی نالائقی، نکمے پن اور نااہلی کو پاکستان والوں کو جاہل کہہ کر، لاہوریوں کو جاہل کہہ کر خود اس کے پیچھے چھپنے کی کوشش کریں۔

دوسری جانب یاسمین راشد کے بیان پر سوشل میڈیا پر  بھی کافی تنقید کی جاری ہے اور متعدد صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

آج قومی اسمبلی سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی اس معاملے پر غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ کی ہمت کیسے ہوئی اپنی غفلت اور نااہلی کا ذمہ دار عوام کو ٹہرائیں،آپ کے فیصلوں کی وجہ سےکورونا وائرس زبردستی پھیلا۔

بلاول نے مزید کہا کہ  آپ کہتے ہیں کہ پاکستان کےعوام جاہل ہیں، پاکستان کے عوام آپ کودکھائیں گے، الیکشن میں بتائیں گے۔

خیال رہے کہ سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس سے اب تک 400 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 28177 ہے۔

صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 55 ہزار سے زائد ہے اور ہلاکتیں 1081 ہیں۔

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاہور کے متعدد علاقوں میں رات 12 بجے سے مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔

مزید خبریں :