امپائر کو خود اندازہ ہے کہ انہوں نے اس حکومت کو لا کر غلطی کی: سراج الحق

 
فوٹو فائل—

امیر  جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وفاقی حکومت کی کارکردگی کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ  امپائر کو خود اندازہ ہے کہ انہوں نے اس حکومت کو لا کر غلطی کی۔

 لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر وفاقی بجٹ پیش کیا گیا جس پر عدم اعتمادکا اظہار کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ساڑھے تین ماہ میں کورونا کے حوالے سے حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آئی، حکومت اپنے بیانات سے کنفیوژن پھیلا رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہر ملک نے تیاری کی مگر ہماری حکومت سوئی رہی، کسی اسپتال میں ایک بھی نیا وینٹی لیٹر نہیں مہیا کیا گیا، یہاں تک کہ ملک کے بڑے شہروں میں کورونا کے مریضوں کے لیے بیڈ تک دستیاب نہیں ہیں۔

 سراج الحق نے برہمی سے کہا کہ لاہور کے عوام با شعور ہیں جو عوام کو جاہل کہتے ہیں وہ خود جاہل ہیں، اصل میں یہ ان کو جاہل کہہ رہے ہیں جنہوں نے ان کو ووٹ دیا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ امپائر کو خود بھی اندازہ ہوگا کہ انہوں نے اس حکومت کو لا کر غلطی کی ہے۔

مزید خبریں :