ایک لابی قادیانیوں کو چور دروازے سے حکومت میں داخل کرنے کی کوشش کر رہی ہے: سراج الحق

حکومت ایشو کھڑا ہونے سے پہلے قادیانیوں کو اقلیتوں کے کمیشن سے نکال دے اور سودی نظام کے خاتمے کا اعلان کرے: امیر جماعت اسلامی. فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ایک لابی قادیانیوں کو چور دروازے سے حکومت میں داخل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مدینہ کی ریاست گفتار سے نہیں کردار سے ہونی چاہیے، حکومت کا احساس پروگرام ناکام اور ٹائیگر فورس کہیں نظر نہیں آئی، زکوٰۃ اور عشر کا نظام آ جائے تو قرضہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

مستحق افراد کے لیے قائم ریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضا کاروں نے ایک ارب 7 کروڑکا امدادی سامان تقسیم کیا۔

ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ ایک لابی قادیانیوں کو چور دروازے سے حکومت میں داخل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، حکومت ایشو کھڑا ہونے سے پہلے قادیانیوں کو اقلیتوں کے کمیشن سے نکال دے اور سودی نظام کے خاتمے کا اعلان کرے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اس اقدام سے عالمی دنیا کو راضی کرنا چاہتی ہے، لیکن ہم قادیانیوں کو کسی منصب پر برداشت نہیں کر سکتے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر اقلیتی کمیشن میں قادیانیوں کو شامل کرنے سے متعلق بیانات سامنے آنے کے بعد گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ کسی قادیانی کو اقلیتی کمیشن میں شامل نہیں کیا جا رہا۔

مزید خبریں :