کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ایک پھل فروش جاں بحق

فائل فوٹو

کراچی: کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کے دوران ایک پھل فروش جاں بحق ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق واقعہ دہلی کالونی میں پیش آیا جہاں کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی انسداد تجاوزات ٹیم سے ہاتھا پائی کے دوران دل کا مریض پھل فروش موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

55 سال کے کبیر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسپتال پہنچنے سے قبل موت واقع ہو چکی تھی۔

واقعے کی اطلاع اہل خانہ کو ملی تو انہوں نے پولیس کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر فریئر تھانے کے باہر لاش رکھ کر احتجاج کیا، کچھ دیر بعد مزید افراد بھی مظاہرے میں شامل ہوگئے اور مظاہرین کی بڑی تعداد کو دیکھ کر پولیس نے تھانے کے دروازے بند کر دیے۔

متوفی کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے سماجی رہنما جبران ناصر، پی ٹی آئی کے ایم پی اے شہزاد قریشی اور راجہ اظہر سمیت دیگر بھی پہنچ گئے،کئی گھنٹے بعد پولیس نے متوفی کے اہلخانہ سے واقعہ کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست وصول کرلی۔

متوفی کے بھائی تسلیم کا کہنا تھا کہ ان کے وکیل جبران ناصر ہیں۔

ادھر جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ درخواست کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران کے خلاف دی گئی ہے، تشدد سے مرنے والے شخص کے اہلخانہ کی کفالت کون کرے گا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی مقدمے کا فیصلہ کیا جائے گا، اگر موت طبعی طور پر واقع ہوئی تو مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا اور اگر وجہ موت طبعی نہیں ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

مزید خبریں :