03 ستمبر ، 2012
جدہ… خلیج تعاون کونسل نے شام میں جاری بحران کے فوری حل کی ضرورت پر زوردیاہے جبکہ کونسل نے خلیجی ممالک کے اندرونی معاملات میں ایران کی مبینہ مداخلت کی بھی مذمت کی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلا س میں کہی گئی۔اجلاس میں چھ عرب ریاستوں کے انضمام سے متعلق سعودی عرب کے منصوبے پر غور و خوص کیا گیا ۔ واضح رہے کہ سعودی شاہ عبد اللہ نے کویت، قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات اور امان پر مشتمل اتحاد کے قیام کی تجویز گزشتہ سال پیش کی تھی۔ خلیج کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تنظیم کے اگلے اجلاس میں اس معاملے پر مزید بحث کی جائے گی۔ ماضی بھی اقتصادی انضمام جیسے امور پر توجہ مرکوز کی گئی تھی جبکہ کسٹم اتحاد پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ مشترکہ کرنسی، مرکزی بینک اور محصولات کی تقسیم جیسے امور ابھی حل طلب ہیں۔