28 جون ، 2020
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی نائن 2 اور 3 کو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج آنے کے بعد کھول دیا گیا۔
اسلام آباد میں کورونا وائرس کے ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے علاقوں میں سیکٹر جی نائن ٹو، تھری بھی شامل تھے جنہیں 13 جون کو سیل کیا گیا تھا۔
لیکن اسمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہاں کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی آنے کے بعد ان دونوں علاقوں کو کھول دیا گیا ہے جب کہ کمرشل ایریا کراچی کمپنی کو 29 جون کی صبح کھولا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوصلہ افزا نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
کچھ روز قبل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا تھا کہ جی نائن سیکٹر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے نئے کیسز میں تقریباً 50 سے 60 فیصد کمی آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری رہا تو نئے کیسز میں 90 فیصد تک کمی آجائے گی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12206ہوگئی ہے جب کہ 120 افراد کا کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال بھی ہوا ہے۔