پاکستان
Time 06 جولائی ، 2020

وزیر اعظم نے پہلی بار پاکستان میں تیار کیے گئے وینٹی لیٹرز این ڈی ایم اے کے حوالے کردیے

وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) ہری پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی تاریخ کی پہلی مقامی وینٹی لیٹرز کی پیداواری سہولت کا افتتاح کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پہلی بار پاکستان میں تیار کیے گئے وینٹی لیٹرز نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کردیے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نے کہا کہ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) پاکستان میں وینٹی لیٹر بنانے والا پہلا ادارہ بن گیا، این آر ٹی سی نے وینٹی لیٹرز کے 15 یونٹ تیارکر لیےہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) ہری پور کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملک کےلیے اہم کامیابی ہے، اپنے لوگوں کی ذہانت سے فنی مہارت کے ذریعے خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔

این آر ٹی سی کے ایم ڈی توفیق احمد نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے این آر ٹی سی اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وینٹی لیٹرز کی تیاری میں حصہ لینے والی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، حکومت خود انحصاری اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے تمام منصوبوں میں تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کوبروئے کار لا کر خودانحصاری کی منازل طے کریں گے، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے معیشت کو بحال رکھنے کی حکمت عملی کو وسیع پیمانے پر سراہا جارہا ہے،کورونا وبا پر قابو پانے کےلیے ہماری حکمت عملی کامیاب رہی، اب ہماری توجہ طبی شعبے کی جامع اصلاحات پر ہے۔

وفاقی وزراء فواد چوہدری، عمرایوب، فوکل پرسن ڈاکٹرفیصل سلطان اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید خبریں :