09 جولائی ، 2020
کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کی حالیہ ناکام کارروائی کے تناظر میں شہر کے 8 حساس مقامات پر سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز تعینات کردیے گئے ہیں۔
سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے سربراہ ڈی آئی جی مقصود میمن نے "جیو ٹی وی" کو بتایا کہ ماضی میں ایس ایس یو کی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹیس ٹیم کراچی میں حسن اسکوائر پر واقع ایس ایس یو ہیڈکوارٹر میں تعینات تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کمانڈوز شہر میں کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہتے تھے مگر کراچی میں دہشتگردی کی حالیہ ناکام کارروائی کے بعد شہر میں حفاظتی انتظامات کو فول پروف بنانے کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے خصوصی ہتھیاروں اور حکمت عملی کی ٹیموں یعنی ایس ڈبلیو اے ٹی کمانڈوز کی تعیناتی کے پوائنٹ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
مقصود میمن کے مطابق کراچی پولیس چیف کی نشاندہی پر ان کمانڈوز کو اب پورے کراچی میں پھیلایا گیا ہے، ان کمانڈوز کی تعیناتی کے 8 مقامات کو سیکیورٹی کے دیگر اداروں کے کنٹرول رومز سے منسلک کردیا گیا ہے، اس کا مقصد شہر میں خدانخواستہ دہشتگردی کی کسی کارروائی کی صورت میں فوری جوابی کاروائی کیلئے کمانڈوز کے پہنچنے کا دورانیہ کم سے کم کرنا ہے۔
مقصود میمن نے بتایا کہ ایس ایس یو کمانڈوز بین الاقوامی طرز کی خصوصی تربیت کے بعد جدید طریقے ہتھیاروں سے لیس ہیں، ایس ایس یو ملک میں پولیس کا پہلا آئی ایس او سرٹیفائیڈ ادارہ ہے جو عالمی تقاضوں پر استوار کیا گیا اور جدید اسلحہ سے لیس ایس ایس یو کمانڈوز کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔