پاکستان
Time 14 جولائی ، 2020

گوجرانوالہ کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں کورونا حفاظتی سامان میں خرد برد کا انکشاف

اسپتال کو ملنے والے این 95 ماسک اور پی پی ای کٹس عام مارکیٹ میں فروخت کی گئیں— فوٹو:فائل 

گوجرانوالہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ملنے والے حفاظتی سامان میں خرد برد کا انکشاف ہوا ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے ڈی ایچ کیواسپتال گوجرانوالہ کا ریکارڈ قبضے میں لے کر میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر سہیل انجم بٹ کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسپتال انتظامیہ کو ملنے والی حفاظتی کٹس اور این 95 ماسک ڈاکٹرز کو دینے کی بجائے عام مارکیٹ میں فروخت کیے گئے۔ 

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال نے بتایا کہ سامان کا ریکارڈ موجود ہے جو اینٹی کرپشن کو دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا سے اموات سب سے زیادہ ہیں جب کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی بھی بڑی تعداد مہلک وائرس سے متاثر ہوئی ہے۔

ڈاکٹرز کی جانب سے بھی صوبائی انتظامیہ پر طبی عملے کو کورونا کا حفاظتی سامان نہ دینے کا الزام  لگتا رہا ہے۔

مزید خبریں :