Time 03 جون ، 2020
پاکستان

ملک میں کورونا سے 1510 ڈاکٹر متاثر ،طبی عملے سمیت کُل 25 افراد جاں بحق ہوگئے

1368ہیلتھ ورکرز گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کیے گئے ہیں اور 231 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں،رپورٹ:فوٹو:فائل

ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ ہیلتھ کیئر ورکرز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور  24 گھنٹوں میں کورونا سے 117 طبی اہلکار متاثر ہوئے ہیں۔

وزارت نیشنل ہیلتھ اینڈ ایمرجنسی سروس نے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق کورونا سے متاثرہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 2 ہزا ر 561 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 25 اہلکار  کورونا سے انتقال کرچکے ہیں جب کہ 8 افراد تشویشناک حالت کے باعث وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزارت نیشنل ہیلتھ اینڈ ایمرجنسی سروس  کے مطابق ملک میں مزید 78 ڈاکٹرز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کی کل تعداد 1510 تک جا پہنچی ہے۔

 اس کے علاوہ کورونا وائرس سے متاثرہ نرسز کی تعداد بھی 352 تک پہنچ گئی ہے جب کہ پیرامیڈیکل اسٹاف کے مجموعی طور پر 699 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1368ہیلتھ ورکرز گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کیے گئے ہیں اور 231 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جب کہ ملک بھر میں 937 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

 خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ کل 1688 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

مزید خبریں :