پاکستان
Time 15 جولائی ، 2020

ایف آئی اے کا حوالہ اور ہنڈی سے منسلک افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حوالہ اور ہنڈی سے منسلک افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے بولٹن مارکیٹ میں کی گئی 2 کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔

پہلی کارروائی میں محمد اخلاص نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا اور ملزم سے حوالہ کی گئی 85 لاکھ روپے سے زائد کی الیکٹرانک رسیدیں برآمد کی گئیں جب کہ دوسری کارروائی میں نعمان احمد نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا جس سے بھاری تعداد میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی 2018 میں حوالہ اور ہنڈی کے جرم میں گرفتار ہوا تھا اور اس مقدمے میں ضمانت پر رہا ہوکر دوبارہ یہی جرم کررہا تھا۔

اس سے قبل ایف آئی اے نے گلزار ہجری میں حوالہ اور ہنڈی میں ملوث ملزم محمد نقش کے گھر پر چھاپہ مارا اور  مقامی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی، اس کے علاوہ  چیک بکس، کیش کاؤنٹنگ مشین، لیپ ٹاپ اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے جب کہ  ملزم کے موبائل فون سے حوالہ اور ہنڈی کے لیے میسجز ملے۔

ایف آئی اے حکام کےمطابق حال ہی میں سعودی عرب سے ہانگ کانگ 25 ہزار ڈالر حوالہ کیے گئے جب کہ ملزم کے موبائل فون سے کم از کم 2 کروڑ روپے کے حوالہ ہنڈی کی گئی رقم کے پیغامات بھی ملے تاہم کارروائی میں ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔

مزید خبریں :