پاکستان

حکومت نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو قومی مالیاتی کمیشن سے نکال دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو قومی مالیاتی کمیشن سے نکال کر نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کےجسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف ن لیگ کے رہ نما انجینئر خرم دستگیر کی درخواست پر سماعت کی ۔ 

اٹارنی جنرل نے خالد جاوید خان نے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے گزشتہ نوٹیفکیشن پر انہیں بھی اعتراض تھا جسے حکومت نے واپس لے کر مشیر خزانہ کی شمولیت کے بغیر نیا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے ۔ 

جس نو ٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا وہ واپس لینے پر غیر موثر ہو گیا ہے۔ 

جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر اٹارنی جنرل اس طرح بات نہیں کرتا۔ 

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہمارا اعتراض تھا کہ ہم سے مشاورت کے بغیر مالیاتی کمیشن تشکیل دیا گیا، ہماری کامیابی ہے کہ حکومت کو آئین کے تحت کام کرنے پر مجبور کیا۔

بعدازاں عدالت نے اٹارنی جنرل کی جانب سے نیا نو ٹیفکیشن عدالت میں پیش کرنے پر قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست نمٹا دی۔

مزید خبریں :