Time 22 جولائی ، 2020
پاکستان

سندھ میں گاڑیوں کی جدید سیکیورٹی فیچرز والی نمبر پلیٹس متعارف

— جیو نیوز فوٹو

سندھ حکومت نے جدید سیکیورٹی فیچرز سے آراستہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس متعارف کروادیں۔

ڈی جی ایکسائز شعیب صدیقی نے جیو نیوز کو بتایا کہ نئی نمبر پلیٹس نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن (این آر ٹی سی) کے تعاون سے بنائی جائیں گی۔ 

انہوں نے بتایا کہ نئی نمبر پلیٹس سے گاڑیوں کی ٹریکنگ اور ڈیٹا حاصل کرنا نہایت آسان ہوگا جب کہ یہ نمبر پلیٹس کیمرا ریڈ ایبل ہوں گی۔

شعیب صدیقی نے بتایا کہ ان نئی نمبر پلیٹس میں 5 سیکیورٹی فیچرز موجود ہوں گے جن میں  آر آئی ایف ڈی یعنی ٹریکنگ چپ، لیزر سیریل نمبر، سندھ حکومت کا مونوگرام، لیزر انٹیگریٹڈ مارک اور ہر نمبر پلیٹ پر گرافکس شامل ہیں۔ 

ڈی جی ایکسائز کے مطابق نومبر سے سیکیورٹی فیچرز نمبر پلیٹس کا اجرا شروع ہوجائے گا، پہلے مرحلے میں نئی رجسٹرڈ گاڑیوں کو یہ نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں ٹرانسفر کے لیے آنے والی گاڑیوں کو جاری کی جائیں گی جب کہ تیسرے مرحلے میں لوگ رضاکارانہ خود بھی آسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ نمبر پلیٹس پنجاب اور بلوچستان میں متعارف ہوچکی ہے اور وہاں اس کی قیمت 1400 روپے ہے۔

مزید خبریں :