پاکستان
Time 25 جولائی ، 2020

راولپنڈی واقعہ: چارپائی کے نیچے چھپ کر جان بچانے والی بچی کی روداد

راولپنڈی میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد کے قتل نے ہر آنکھ اشکبار کر دی، فائرنگ سے 5 خواتین اور 4 بچے جان سے گئے، اسی خاندان کی ایک بچی نے چارپائی کے نیچے چھپ کراپنی جان بچائی۔

راولپنڈی میں مکان کی تعمیر کا تنازع 10 افراد کی جان لے گیا، چار دن پہلے خاتون کے قتل کے بعد ملزمان نے مخالفین کے گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی جان لے لی۔

مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کی 5  خواتین اور 4 بچے بھی شامل تھے، مرنے والے بچوں کی عمریں ایک سے تین سال کے درمیان تھیں، فائرنگ سے تین بچے زخمی بھی ہوئے، اسی خاندان کی ایک بچی نے چارپائی کے نیچے چھپ کراپنی جان بچائی۔

جیو نیوز نے واقعے کی عینی شاہد بچی تک رسائی حاصل کرکے واقعے سے متعلق اس کی معلومات حاصل کرلیں، لیکن عینی شاہد کی حفاظت اور صحافتی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے جیو نیوز عینی شاہد بچی کی شناخت ظاہر نہیں کررہا۔

اعلی حکام کو چاہیے کہ واقعے کی انتہائی اہم ترین گواہ بچی کی حفاظت یقینی بنائی جائے تاکہ اس بہیمانہ واردات کی درست خطوط پر تفتیش کی جاسکے۔

واقعے کی عینی شاہد بچی کا کہنا ہے کہ 'جب ملزمان نے گھر پر حملہ کیا تو گھرپرکوئی مرد موجود نہیں تھا، سب سے پہلے ملزم کے بڑے بیٹے نے ہمارے گھر کے دروازے توڑ دیے،گھر کے اندر فائرنگ کی گولیاں والدہ اور دیگر افراد کو لگیں'۔

بچی نے بتایا کہ اس کے بعد دانش،عاقب، رب نواز، اشرف، اکرام آگے آئے، اس دوران وہ چارپائی کے نیچے ہی چھپی رہی، عاقب اس کی باجی کے گھر بھی گیا لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھی۔

عینی شاہد بچی نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد جب ملزمان چلے گئے تو وہ چارپائی سے نکلی اور دیکھا گھر کے کئی افراد خون میں لت پت پڑے ہیں، وہ فورا ڈاکٹر کے پاس بھاگی، فائرنگ کے بعد پولیس آئی اور محلے والے بھی اکٹھے ہوگئے۔

مزید خبریں :