پاکستان
Time 31 جولائی ، 2020

اس مرتبہ گلی کوچوں میں قربانی کرنے پر پابندی ہے، صوبائی وزیر بلدیات

سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اس مرتبہ گلی کوچوں میں قربانی کرنے پر پابندی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ایک ملین ٹن سے زائد آلائشیں اٹھانے کا پلان تیار کیا گيا ، کراچی سے آلائشیں اٹھانے کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانےکے لیے کمیٹیاں قائم کی گئیں۔

 سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کی بھی تیاریاں مکمل ، آلائشیں اکٹھی کرنے کے لیے شہر میں 67 کلیکشن پوائنٹس قائم کردیے گئے جہاں سے آلائشوں کو لینڈ فل سائٹس میں ڈمپ کیاجائے گا۔

وزیربلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ اس مرتبہ گلی کوچوں میں قربانی کرنے پر پابندی ہےجہاں پر اجتماعی قربانی ہو وہاں سے بھی آلائشیں اٹھاکر فوری جراثیم کش اسپرے کیا جائے۔

خیال رہے کہ کراچی میں اجتماعی قربانی کے لیے دیے گئے بیشتر میدانوں کا برا حال ہے، کہیں بارش کا پانی جمع، تو کہیں کیچڑ ہی کیچڑ نظرآرہی ہے۔

مکھیوں مچھروں کی بھی بہتات ہے، ماڈل کالونی کے گولڈ گراؤنڈ اور گلشن اقبال میں واقع منگل بازار گراؤنڈ کی صورتحال بھی خراب ہے۔

عزیزآباد کا جناح گراؤنڈ فیملی پارک بن چکا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اجتماعی قربانی سے نہ صرف پارک کی خوبصورتی متاثر ہوگی بلکہ بچوں سے ان کا پلے گراؤنڈ بھی چھن جائے گا۔

سندھ حکومت نے میدانوں میں اجتماعی قربانی کا تو کہہ دیا ہے لیکن صفائی کے انتظامات کون کرے گا؟ ان گراونڈز میں قربانی کیسے ہوگی؟

مزید خبریں :