دنیا
Time 06 اگست ، 2020

ممبئی میں بارشوں کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ممبئی میں مون سون بارشوں کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

بھارتی میڈیا کےمطابق ممبئی کے جنوبی علاقے کولابا میں 24 گھنٹوں کے دوران 331 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے بارش کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اس سے قبل اگست کے مہینے میں 1974 میں اتنی بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے ساتھ آندھی بھی چلی جس سے 107 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتاری سے ہوائیں چلیں، بارش کے باعث ٹرین، بس سروس، دفاتر اور دیگر ضروری سروسز کو بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں میں شہر میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے اور شہریوں سے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ ممبئی میں 5 روز کے دوران مون سون کی 64 فیصد بارش ہوچکی ہے جب کہ آئندہ چند گھنٹوں میں مزید موسلا دھار بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آہستہ آہستہ بارش کے اسپیل میں کمی واقع ہوگی۔

شہر میں شدید بارش کے باعث لوکل ٹرین پانی میں پھنس گئی جس میں سوار 290 افراد کو فوری طور پر ریسکیو کرلیا گیا۔

سرکاری حکام نے شدید بارشوں کے پیش نظر عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔

مزید خبریں :