07 ستمبر ، 2012
اسلام آباد …بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے ان کا استقبال کیا۔بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا امن عمل اور پاک بھارت بات چیت آگے بڑھانے کیلئے پاکستانپہنچے ہیں، وہ صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں سے ملاقاتیں کریں گے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کل پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر دونوں وزراء گزشتہ ملاقات کا جائزہ لیں گے۔ پاک بھارت مذاکرات میں امن، سیکیورٹی، اعتماد سازی کے اقدامات، جموں کشمیر، سیاچن، سر کریک، معاشی و تجارتی تعاون اور وولر بیراج سمیت پانی کی تقسیم کے معاملات پر تبادلہٴ خیال کیا جائے گا۔ ۔ ایس ایم کرشنا اور حنا ربانی کھرکل پاک بھارت جوائنٹ کمیشن کی بھی صدارت کریں گے۔اسلام آباد روانگی سے قبل نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت میں بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔