کراچی: رکشے میں سوار ہو کر واردات کرنیوالے گروہ کے 2 ملزمان گرفتار

فوٹو: بشکریہ جیو نیوز

کراچی: پولیس نے مختلف علاقوں میں رکشے میں سوار ہوکر واردات کرنے والے گروہ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ 

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق فیروز آباد پولیس نے 2 ملزمان محمد عمر اور جنید احمد کو چیکنگ کے دوران گرفتار کیا۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ، اسلحہ، موبائل فون اور چھینا گیا دیگر سامان برآمد ہوا ہے جب کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی گئی تو انہوں نے گلشن اقبال، بہادرآباد، فیروز آباد اور دیگر علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی مختلف نوعیت کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا۔

ایس ایچ او فیروز آباد اورنگزیب خٹک کے مطابق دونوں ملزمان سے ان وارداتوں کی نشاندہی کرائی گئی تو پولیس ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جس میں ملزمان واردات کرتے ہوئے شناخت کیے جاسکتے ہیں۔

فیروز آباد پولیس نے دونوں ملزمان کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن کی مدد سے ملزمان کی دیگر ورداتوں کے ساتھ ساتھ ان کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :