07 ستمبر ، 2012
لندن… جی 20 کے رکن ممالک نے اگلے ماہ عالمی سطح پر اناج کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف مشترکہ کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ بات روس کے وزیر زراعت الیاشتاکوف نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتائی ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ جی ٹونٹی رکن ملکوں کے اعلی حکام یہ معاملہ اگلے ریپڈ رسپانس فورم میں حل کر دیں گے۔ فورم گزشتہ سال قائم کر دیا گیا تھا۔ اکتوبر یا نئے سال کے آغاز میں منعقد ہونے والے ریپڈ رسپانس فورم میں روس بھی شرکت کریگا۔ فورم فوڈ مارکیٹ کے مسائل پر بحث کیلئے قائم کیا گیا تھا۔ الیاشتاکوف نے مزید کہا کہ ہم کسی ہنگامی اقدامات کی منصوبہ بندی نہیں کر رہے بلکہ صورتحال کا تجزیہ کرنا چاہتے ہیں، ہم اس معاملے پر بحث کریں گے کہ اناج کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کارروائی ضروری ہے۔ امریکہ میں شدید خشک سالی اور روس، یوکرین میں گندم کی کم پیداوار کی وجہ سے رواں سال اناج کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔