17 اگست ، 2020
پشاور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچزکے انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی انسپکشن ٹیم کل وینیو کا جائزہ لے گی۔
پی ایس ایل 5 کے میچز پہلی مرتبہ پاکستان کے چار مقامات پر کامیابی سے منعقد ہوئے، اس سے قبل لاہور اور کراچی میں میچز ہوتے رہے ہیں۔
ماضی میں پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے جس پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے آئندہ سیزن میں سپرلیگ کے میچز پشاور میں بھی کرانے کا اعلان کیا۔
پشاور میں پی ایس ایل میچوں کے انعقاد سے متعلق کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تیاریاں تیز ہوگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی انسپکشن ٹیم منگل کو حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کا جائزہ لے گی جس میں بورڈ کے تمام شعبوں کے نمائندے شامل ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ انسپیکشن ٹیم میں شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ کے سربراہ ذاکر خان، شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ کے جنرل منیجر جنید ضیاء کے علاوہ پی ایس ایل، مارکیٹنگ، میڈیا، لاجسٹک اور انفرا اسٹرکچر ڈپارٹمنٹ کے نمائندگان بھی شامل ہیں۔
انسپکشن ٹیم میں شامل تمام اراکین وینیو کا جائزہ لینے کے بعد اپنے اپنے شعبوں سے متعلقہ معاملات پر سفارشات مرتب کریں گے جس کے بعد پی ایس ایل میچز کے انعقاد سے متعلق اہم پیشرفت متوقع ہے۔
اس سے قبل پی سی بی کا ایک وفد گزشتہ ماہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا دورہ بھی کرچکا ہے جہاں وفد نے جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق اپڈیٹ فراہم کی تھی۔
پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 2021 کے چند میچز پشاور میں کروانے کا اعلان کر رکھا ہے۔