Time 20 اگست ، 2020
پاکستان

لاپتا افراد کیس: آئی جی سندھ اور سیکرٹری داخلہ کی سخت سرزنش

فائل فوٹو

کراچی: آئی جی سندھ اور سیکرٹری داخلہ نے لاپتا افراد سے متعلق رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش کردی جس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں افسران کی سخت سرزنش کی۔

آئی جی سندھ کی رپورٹ کے مطابق 2011 سے اب تک 4214 افراد لاپتا ہوئے  جن میں سے 3609 افراد کا پتا لگا لیا ہے اور 605 افراد کی تاحال تلاش جاری ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ کراچی بھر سے 570 افراد لاپتا ہوئے ، حیدرآباد میں 20 اور  سکھر میں 7 افراد لاپتا رپورٹ ہوئے جب کہ لاڑکانہ میں 7 اور میرپور خاص میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔

آئی جی سندھ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ بھر میں لاپتا افراد کے 605 مقدمات زیر التوا ہیں۔

لاپتا افراد کی عدم بازیابی پر عدالت نے آئی جی اور سیکرٹری داخلہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ لوگ لاپتا ہیں، پولیس کر کیا رہی ہے، جے آئی ٹیز بھی بے سود ثابت ہوئیں، ایک کیس میں کئی کئی جے آئی ٹیز بنی لیکن نتیجہ زیرو نکل رہا ہے۔

عدالت نے پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لاپتا افراد کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے 2 ہفتوں میں  پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

مزید خبریں :