بلوچستان اور پی پی ایل کے درمیان 5 سال سے تعطل کا شکار معاہدے میں پیشرفت

فوٹو: فائل

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی سوئی گیس فیلڈ سے گیس نکالنے کے لیے 5 سال سے تعطل کا شکار معاہدے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

محکمہ توانائی کے حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے گیس نکالنے کے لیے حکومت بلوچستان اور پاکستان پیڑولیم لمیٹڈ کے درمیان 15  سالہ معاہدہ مئی 2015 کو ختم ہو گیا تھا۔

بعدازاں  بلوچستان حکومت نے پرانی شرائط پر نیا معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا تھا، 5 سال کے بعد اب اس معاملے پر پیش رفت ہوئی ہے اور وفاقی حکومت بلوچستان کو سوئی گیس سے ہونے والی آمدنی کا 40 فیصد دینے پر آمادہ ہوگئی ہے، آمدنی کا 40 فیصد وفاقی حکومت کو اور 20 فیصد پی پی ایل کو ملے گا۔

محکمہ توانائی کے حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کی منظوری کے بعد بلوچستان حکومت اور پی پی ایل کے درمیان 5 سال سے تعطل کا شکار معاہدہ طے پا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نیا معاہدہ ہونے کے بعد بلوچستان کو 5 سال سے پی پی ایل پر واجب الادا 20 ارب بھی مل جائیں گے جب کہ اس مد میں صوبے کو سالانہ 5 سے 6 ارب روپے کی آمدنی بھی ہو گی۔

مزید خبریں :