Time 25 اگست ، 2020
دنیا

معروف افغان اداکارہ صبا سحر پر قاتلانہ حملہ

 صبا سحر کا شمار افغانستان کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے،فوٹو:فائل

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں معروف افغان اداکارہ اور ہدایت کار صبا سحر قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئیں۔

صباسحر کے شوہر کے مطابق وہ کام پر جارہی تھیں کہ  کابل کے مغرب میں تین حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

افغانستان کی پہلی خاتون ہدایت کار اور 44 سالہ اداکارہ کو حملے کے فوری بعد قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حملے میں اداکارہ کے 2 گارڈز بھی زخمی ہوئے ہیں جب کہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ صبا سحر کا شمار افغانستان کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور وہ فلمی ہدایت کار ہونے کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق کے لیے بھی کافی سرگرم ہیں۔

 ایمنٹسی انٹرنیشنل نے اداکارہ پر حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  افغانستان میں اداکاروں، سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر ہونے والے حملوں میں اضافہ نہایت پریشان کن ہے۔

مزید خبریں :