Time 29 اگست ، 2020
پاکستان

کے الیکٹرک کو کراچی کی بجلی بحال کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کے الیکٹرک کو آج شام تک کراچی کی بجلی مکمل طور پر بحال کرنے کی ہدایت کر دی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں بجلی کی طویل بندش کے معاملے پر وفاقی وزیر عمر ایوب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد قاسم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بجلی کے طویل بریک ڈاؤن سے شہریوں کا برا حال ہے، بجلی کی فوری بحالی کے لیے احکامات دیے جائیں۔

وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے رابطہ میں ہوں، کے الیکٹرک کو آج شام تک بجلی بحال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

عمران اسماعیل نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو بھی فون کیا اور کہا کہ دو دن بعد بھی شہر کی بجلی بحال نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔

گورنر سندھ نے سی ای او کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ شہر میں بجلی کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔

خیال رہے کہ کراچی میں جمعرات کو ہونے والی بارش کے بعد کے الیکٹرک نے پورے شہر کی بجلی بند کر دی تھی۔

شہر کے کچھ علاقوں میں 30 سے 35 گھنٹے بعد گزشتہ روز بجلی کی فراہمی بحال کی گئی لیکن کچھ علاقوں میں اب تک بجلی بحال نہیں ہو سکی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔

بجلی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں پانی بھی ختم ہو گیا ہے جب کہ موبائل فون کے نیٹ ورک بھی متاثر ہیں۔

مزید خبریں :