04 ستمبر ، 2020
کراچی: ایس پی انویسٹی گیشن جنوبی نے سیشن جج میرپورخاص کو ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کے لیے خط لکھ دیا۔
جیونیوز نے اس خط کی کاپی حاصل کرلی جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر ماہ کی موت کی تفتیش کے لیے قبر کشائی ضروری ہے، 18 اگست کو ڈاکٹر ماہا گولی سے زخمی ہوئی اور اسپتال منتقلی کے بعد انتقال کرگئیں۔
خط کے متن کے مطابق جناح اسپتال کے ڈاکٹر عرفان نے میڈیکل رپورٹ غلط بنائی ہے، ڈاکٹر ماہا کی موت کے معاملے پر ڈاکٹر عرفان، جنید خان اور وقاص رضوی کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ماہا کو گولی سر میں بائیں طرف سے لگی اور دائیں طرف سے باہر نکل گئی، ڈاکٹر ماہا کی موت کے بارے میں کچھ روز قبل ان کے والد نے بھی سوال اٹھائے ہیں۔
ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کے لیے 2 رکنی تفتیش ٹیم کراچی سے روانہ ہوئی ہے اور مجسڑیٹ کی موجودگی میں قبر کشائی کی جائے گی۔