Time 05 ستمبر ، 2020
پاکستان

کورنگی میں نوجوان کے قتل کا مُعمہ حل، معاملہ لڑکی کی بلیک میلنگ کا نکلا

کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک ماہ قبل ہی شادی کرنے والے نوجوان کو دن دیہاڑے قتل کرنے والے ملزمان  دونوں ملزمان گرفتار ہوگئے۔

نوجوان علی منیف کو قتل کرنے والے دو میں سے ایک ملزم نعمان نے آج صبح زمان ٹاؤن تھانے جا کر اپنی گرفتاری دے دی تھی جب کہ فائرنگ کرنے والے ملزم شاہ رخ کو  پولیس نے آج صبح ایسٹ زون سےگرفتارکرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم نعمان نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر سی سی ٹی وی فوٹیج چلنےکے بعدگرفتاری دی، سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کو چہرے پر ماسک لگائے موٹر سائیکل چلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب فائرنگ کرنے والے ملزم شاہ رخ اور ایک لڑکی کو بھی گرفتارکیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق شاہ رخ کی نشاندہی پر لڑکی کو گرفتار کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ مقتول منیف کی گرفتار لڑکی سے دوستی تھی اور وہ لڑکی کو بلیک میل کررہا تھا جس پر لڑکی نے اپنے دوسرے دوست شاہ رخ کو اس بارے میں بتایا۔

قتل کے روز گرفتار لڑکی نے منیف کو اپنے گھر کے پاس فون کرکے بلایا اور شاہ رخ نے منیف کوقتل کیا اور موبائل فون لےکر فرار ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق شاہ رخ اور منیف کے درمیان ماضی میں کچھ اختلافات بھی رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گرفتاری لڑکی کا کہنا ہے کہ اس نے شاہ رخ سے صرف بلیک میلنگ کے حوالے سے بتایا تھا اور قتل کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

رپورٹ کے مطابق کورنگی نمبر 6 میں ٹارگٹ کرکے منیف کو قتل کرنے والے دونوں ملزمان کورنگی کے رہائشی ہیں اور ایک ہی کمپنی میں کام بھی کرتے ہیں جب کہ مقتول کی لانڈھی بابر مارکیٹ میں پلاسٹک کی تھیلیوں کی دکان ہے اور مقتول کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔

مزید خبریں :