07 جولائی ، 2013
کراچی … کراچی کی پرانی سبزی منڈی کے قریب بینک میں ڈکیتی کرنے والے 2 ملزمان کو رینجرز نے گرفتار کر لیا، ملزمان نے ساتھیوں کی مدد سے 32 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹی تھی۔ رینجرز حکام کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے قریب نجی بینک کی برانچ میں 25 ستمبر 2012ء کو 10 ملزمان نے ڈکیتی کی تھی، 6 ملزمان بینک میں داخل ہوئے تھے جبکہ باہر ان کے 4 ساتھی ان کی حفاظت پر مامور تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ رینجرز نے اطلاع ملنے پر پی آئی بی کالونی میں کارروائی کر کے بینک ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان شہزاد علی اور لیاقت باجوڑی کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق شہزاد علی بینک میں ڈکیتی کرنے میں پیش پیش رہا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی اسے صاف دیکھا جاسکتا ہے جبکہ دوسرا گرفتار ملزم لیاقت باجوڑی بینک کے باہر گاڑی میں بیٹھا رہا تھا، ان کے ایک ساتھی ناصر عرف نچھو کو بھی رینجرز نے 14جون کو گرفتار کیا تھا، ملزم ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر جرائم میں بھی ملو ث ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کا تعلق پی آئی بی گینگ وار کے علی درویش گروپ سے ہے اور واردات کے بعدوہ پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع اپنے ٹھکانے پر پہنچے اور اس کے بعد ہتھیار جمع کرواکر اپنے پیسے لے کرکراچی سے فرار ہوگئے تھے، اور آنے پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔