دنیا
Time 11 ستمبر ، 2020

شادی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دُلہا گرفتار، مہمانوں پر بھی بھاری جرمانہ

فائل فوٹو

کورونا کے دوران شادی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دُلہا، اس کے والد اور دُلہن کے والد کو گرفتار کرلیا گیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ متحدہ عرب امارات میں پیش آیا جہاں گھر میں شادی کی تقریب کی گئی اور اس دوران کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق نافذ کیے گئے ایس او پیز کو نظر انداز کیا گیا جس پر تین افراد کو ڈیزاسٹر پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں دُلہا، اس کا والد اور دُلہن کا والد شامل ہیں، تینوں افراد کے خلاف قانون کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق تقریب کے میزبانوں پر 10 ہزار درہم کا جرمانہ کیا جاسکتا ہے جب کہ تقریب میں موجود مہمان 5 ہزار درہم تک کا بھاری جرمانہ ادا کریں گے۔

متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے ملک میں گزشتہ چار ماہ کے دوران کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے لہٰذا شہری وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے ضابطہ اخلاق پر سنجیدگی سے عمل کریں۔

یو اے ای حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے تقریباً 80 فیصد کیسز گزشتہ دو ہفتوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 76 ہزار 900 سے زائد ہے جب کہ 398 افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :