16 ستمبر ، 2020
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ خود کشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا کے والد آصف علی شاہ نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے عدالت میں درخواست جمع کرادی۔
ڈاکٹر ماہا کے والد نے بیٹی کی مبینہ خودکشی کیس کی ازسرنو تحقیقات کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں دائر کی ہے۔
آصف علی شاہ نے درخواست میں مؤقف اختیارکیا ہے کہ پولیس نے واقعے کو خودکشی قرار دیا اور اسی اعتبار سے شواہد جمع کیے جب کہ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر نے بھی رپورٹ غلط دی، اس لیے معاملے کی ہر سطح سے تحقیقات کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور قبر کشائی ،پوسٹ مارٹم اور مزید میڈیکل معائنے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہا شاہ کو موت سے قبل زہر اور بہت زیادہ ڈرگز دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈاکٹر ماہا شاہ نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی تھی، واقعے کا مقدمہ ان کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے درخواست کی سماعت 19 ستمبر کو ہوگی۔