پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2020

کراچی: کورنگی کراسنگ کے قریب پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ

کراچی: کورنگی میں گھات لگائے ملزمان نے پولیس اہلکار کو قتل کردیا۔

جیونیوز کےمطابق کورنگی کراسنگ کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار عارف خان کو قتل کردیا، مقتول مددگار 15 شارع فیصل پر تعینات تھا، موقع سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول بھی ملا ہے۔

رابطہ کرنے پر تفتیشی حکام نے جیونیوز کو بتایا کہ مقتول کو ریکی کے بعد ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا، وہ روزانہ اپنے گھر سے اسی وقت اور اسی راستے سے ڈیوٹی پر جاتا تھا جب کہ ملزمان جاتے ہوئے مقتول اہلکار کا بیگ بھی لے گئے، ایسا لگتا ہے کہ بیگ میں اس کا ذاتی پستول تھا تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

حکام کے مطابق چند ماہ کے دوران 4 پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے، دیگر 3 پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی ملزمان اپنے ہمراہ لے گئے تھے اور ان اہلکاروں کو کورنگی، محمود آباد اور لائنز ایریا میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ عارف خان کے قتل اور پچھلی وارداتوں میں مماثلت ہے تاہم تاحال کسی بھی قاتل کو پولیس گرفتار نہیں کرسکی۔ 

مزید خبریں :